لاہور میں موسلادھار بارش، لیسکو کے 90 فیڈرز ٹرپ کر گئے

صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش اور آندھی کے باعث لیسکو کا ترسیلی نظام متاثر ہوگیا اور 90 فیڈرز ٹرپ کرگئے۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرز ٹرپ ہونے کے متعدد علاقوں میں بجلی سپلائی بند ہو گئی جس کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

باغبانپورہ، ہربنس پورہ، گلبرگ، مغل پورہ سمیت دیگر نشیبی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے جبکہ موٹر سائیکل سواروں نے پانی سے بچنے کے لئے انڈرپاس میں پناہ لی۔

واضح رہے کہ ملک کے بیشتر حصوں میں مون سون کی مزید بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پنجاب، کشمیر،خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مشرقی بلوچستان اور سندھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے جبکہ زیریں سندھ ، بالائی ووسطی خیبر پختونخوا، بالائی وسطی پنجاب اور کشمیر میں موسلادھار بارش کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسلادھار بارش کے باعث کشمیر، راولپنڈی ،اسلام آباد، لاہور ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، میانوالی، پشاور، صوابی اور مردان میں نشیبی علاقے زیر آب آنے اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین، دادو، شہید بینظیر آباد، سکھر، لاڑکانہ اور جیکب آباد میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان اور بلوچستان کے مقامی اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں