لاہور ایئر پورٹ پر طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا جس کے باعث طیارے کو ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنے پڑی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے جہاز سے ایک بار پھر پرندہ ٹکرا گیا جس کی وجہ سے جہاز کی لاہور ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پی آئی اے حکام کے مطابق جہاز پرواز پی کے 258 کو شارجہ سے لاہور اتر رہا تھا، لینڈنگ کے دوران جہاز کے انجن سے پرندہ ٹکرا گیا۔
حکام نے بتایا کہ کپتان نے مہارت دکھاتے ہوئے 168 مسافروں کیساتھ جہاز کو ایئرپورٹ پر اتار لیا جبکہ پرندہ ٹکرانے سے جہاز کا انجن ناکارہ ہوگیا پرواز کے قابل نہ رہا۔
پی آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ کراچی سے پی آئی اے انجینئرنگ کی ٹیم لاہور آنے پر طیارے کے نقصان کا اندازہ لگایا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ دو ہفتے کے دوران ہی لاہور ائیرپورٹ پر چار سے زائد طیارے برڈ ہٹ کا شکار ہوچکے ہیں۔
خیال رہے کہ سی اے اے نے بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے ائیرلائنز کو خود احتیاط برتنے کا نوٹم بھی جاری کیا تھا۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر ہوابازی سعد رفیق پرندوں سے بچاؤ کے حوالے سے اجلاس میں ہدایات بھی دے چکے ہیں۔