علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر صبح 5 سے 8 بجے تک طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف پر پابندی عائد کردی گئی۔
سول ایوی ایشن کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیاروں سے پرندےٹکرانے کے واقعات میں مسلسل اضافے کے بعد اب ایئرپورٹ پر صبح کے اوقات میں طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف پر عارضی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
ترجمان سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ مون سون کی وجہ سے ایئرپورٹ کے قریب پرندوں کی آمد میں مسلسل اضافہ ہو رہا، محفوظ سفر کے لئے صبح 5 سے 8 بجے تک ٹیک آف اور لینڈنگ پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ملکی وغیر ملکی ایئر لائنز کو نوٹم جاری کردیا گیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ ایئرپورٹ پر 11 جولائی سے صبح طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف پر پابندی ہوگی، ملکی وغیرملکی ایئر لائن نوٹم پرسختی سےعملدرآمد کریں۔
سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف پر پابندی 2 ماہ کیلئے لاگو ہوگی، اور صرف ہنگامی صورت میں طیارے کو لینڈنگ کی اجازت ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ 3 ہفتوں کے دوران ہی لاہور ائیرپورٹ پر4 سے زائد طیارے برڈ ہٹ (پرندہ ٹکرانے ) کا شکار ہوچکے ہیں، اور خوش قسمتی سے چاروں حادثات میں اب تک کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔