خیبرپختونخوا کے سرکاری ملازمین کو جمعے کے دن گھر سے کام کرنے کی ہدایات

پیٹرولیم مصنوعات کی بچت کے لئے خیبرپختونخوا میں سرکاری ملازم جمعے کو گھر سے کام کریں گے۔

توانائی کے بحران اور پیٹرولیم مصنوعات کے استعمال میں کمی کرنے کے لیے پختونخوا حکومت نے مختلف اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

کاروباری سرگرمیوں اور بازاروں کو جلد بند نہیں کیا جاسکتا لیکن وہ محکمے جن میں عملے کو روز آنے کی ضرورت نہیں وہاں جمعے کے روز عملہ گھر سے کام کرے گا۔ اس اقدام سے سالانہ اربوں روپے بچیں گے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر دفاع خواجا آصف بھی بجلی اور پٹرول کی بچت کیلئے ہفتے میں ساڑھے چار دن کام کرنے کی تجویز دے چکے ہیں۔

ٹوئٹر پر اپنی ٹویٹ میں خواجا آصف نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک بھر میں ہفتہ اور اتوار تعطیل جب کہ جمعہ کو آدھا دن چھٹی دی جائے، ہفتے میں ساڑھے 4 دن کام ہو، کام کے دنوں میں ایک گھنٹہ دفاتر کا دورانیہ بڑھا دیا جائے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ اس سے سڑکوں پر ٹریفک کم ہوگی، تیل اور بجلی کی بچت ہوگی، کفایت شعاری کے کلچر کو فروغ ملے گا۔

واضح رہے کہ ملک میں تیل اور بجلی کے حوالے سے صورت حال بہتر نہیں، موجودہ حکومت دو بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھاچکی ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کا نرخ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔

دوسری جانب شدید گرمی کے باعث بجلی کی مانگ بھی بڑھ رہی ہے، لیکن پیداوار کم ہونے کی وجہ سے لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ ہوچکا ہے، اور متعدد علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں