قراقرم کی چوٹیوں پرلاپتہ 3 غیرملکی کوہ پیماؤں کی ہلاکت کا خدشہ

ملک کے انتہائی شمال میں واقع قراقرم پہاڑی سلسلے پر تین غیر ملکی کوہ پیما لاپتہ ہیں، جن کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔

محکمہ سیاحت گلگت بلتستان کے سینئرسرکاری اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا کہ کینیڈین رچرڈ کارٹیئر اور آسٹریلوی میتھیو دنیا کی دوسری سب سے بلند چوٹی “کے ٹو” پر لاپتہ ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برطانوی گورڈن ہینڈرسن بارہویں بلند ترین چوٹی براڈ پیک تک گئے تھے لیکن ان کا سُراغ نہیں مل رہا۔

محکمہ سیاحت کے اہلکار نے کہا کہ جب تک کوہ پیماؤں کی لاشیں نہیں مل جاتیں ہم انہیں مردہ قرار نہیں دے سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم دعا کرتے ہیں وہ زندہ حالت میں مل جائیں مگرامکانات بہت کم ہیں۔

برطانوی مسلح افواج نے اپنے بیان میںٓ کہا کہ رائل ایئرفورس کے ونگ کمانڈر ہینڈرسن 19 جولائی کو 8 ہزار51 میٹر بلند چوٹی پرلاپتہ ہوگئے تھے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ہم اس دکھ کی گھڑی میں ونگ کمانڈر ہینڈرسن کے خاندان، دوستوں اورساتھیوں کے ساتھ ہیں۔

رواں سال کے ٹو کو صرف 425 بار سر کیا گیا ہے، جبکہ ماؤنٹ ایورسٹ دنیا کا سب سے اونچا پہاڑ ہے، جسے 6 ہزار سے زیادہ افراد سر کرچکے ہیں۔

کوہ پیما ایڈمنڈ ہلیری اور ٹینزنگ نورگے پہلی بار 1953 میں ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی پر پہنچے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں