کراچی میں گلشنِ حدید، نوری آباد، سپر ہائی وے، ملیر سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
اس سے قبل محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج گرم اور مرطوب موسم کی پیش گوئی کرتے ہوئے شام میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کل بھی دوپہر یا شام میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ شہرِ قائد میں بارش کا امکان ہے، جبکہ 14 ستمبر کو کراچی کا موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ ہوا کا ایک شدید کم دباؤ ڈپریشن کی صورت میں بھارت میں موجود ہے، ہوا کا ایک کم دباؤ بھارتی گجرات اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بھی مو جود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 15 ستمبر تک سانگھڑ، تھر پارکر، عمر کوٹ، بدین، میر پور خاص میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج سے 14 ستمبر تک حیدر آباد، مٹیاری، ٹھٹھہ، جامشورو، ٹنڈو الہٰ یار، ٹنڈو محمد خان اور سجاول میں بارش کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔
دوسری جانب ٹھٹھہ، سجاول، گھارو اور مکلی میں تیز بارش جاری ہے۔