کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج ہلکی، کل اور پرسوں تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
ماہرینِ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کل اور پرسوں کہیں 80 ، 90 تو کہیں سو ملی میٹر سے زیادہ بارش کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے ٹھٹھہ، بدین، مٹھی، تھرپارکر، عمر کوٹ اور اسلام کوٹ میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
سکھر اور گردونواح میں تیز بارش سے 132 فیڈر ٹرپ کرگئے۔ خیرپور میں بارش کی وجہ سے گھر کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق ہوئی۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ حب ڈیم کے گرد مقیم آبادی محفوظ مقام پر منتقل کی جائے، بلوچستان اور سندھ کے ماہی گیر سمندر میں جانے سے گریز کریں۔