کراچی میں بارش کے باعث پیپلز بس سروس معطل

کراچی میں بارشوں کے پیش نظر پیپلز بس سروس معطل کردی گئی۔

پیپلز بس سروس کے روٹ نمبر ون ماڈل کالونی سے ٹاور تک آپریشن 4بجے سے بند کردی گئی جبکہ ناگن چورنگی تا کورنگی آپریشن دوپہر 3بجے سے معطل ہے۔

گزشتہ روز پانی بھرنے سے بسوں کے سینسر خراب ہوگئے تھے جبکہ مزید بارشوں اور نقصانات کے پیش نظر سروس معطل کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ شہر قائد میں مسلسل 3 روز سے مینہ برس رہا ہے جب کہ محکمہ موسمیات نے یہ سلسلہ جمعے تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں گزشتہ 3 روز سے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

بارش کا نیا سلسلہ بدھ کی علی الصبح سے شروع ہوا اور وقفے وقفے سے تاحال جاری ہے۔ ماحول میں شدید حبس کی کیفیت ہے جس کی وجہ سے بارش کے باوجود گرمی کا اثر کم نہیں ہورہا۔

مون سون سسٹم کے باعث 8 جولائی تک کراچی، حیدر آباد، جامشورو،ٹھٹہ، میر پور خاص، نوابشاہ، دادو، عمر کوٹ، تھرپارکر، جیکب آباد اور سکھر میں گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوسکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں