کراچی کے علاقےلانڈھی داؤد چورنگی کے قریب پولیس اہلکار سے جھگڑنے اور فائرنگ کرنے والا ملزم فائرنگ کے تبادلےمیں مارا گیا۔
ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ملزم کی فائرنگ سے 3 اہلکار زخمی ہوئے، زخمی اہلکاروں میں ایس ایچ او شرافی گوٹھ عدیل احمد اور دو اہلکار ندیم اور محمد یاسر شامل ہیں۔
عرفان بہادر نے بتایا کہ ملزم زخمی ہونے والے ایک پولیس اہلکار کا پڑوسی تھا جس کی شناخت مجید کے نام سے ہوئی، ملزم کے پاس اسلحہ اور بارود موجود تھا، اسلحے کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس اہلکار ندیم ملزم کے بیٹے کے ساتھ اس کے گھر آیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ملزم نے پولیس اہلکار ندیم کو گھر پر دیکھ کر فائرنگ کر کے زخمی کردیا جس کے بعد ایس ایچ او شرافی گوٹھ دیگر اہلکاروں کے ساتھ موقع پر پہنچے تو ملزم نے ان پر بھی فائرنگ کر دی۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق ملزم نے پولیس پر فائرنگ کے بعد خود کو گھر میں بند کرلیا تھا، پولیس نے گھر کا محاصرہ کیا تو ملزم نے ادھر بھی پولیس پر فائرنگ شروع کر دی تاہم ملزم پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہو گیا۔
ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ملزم ہلاک ہو گیا تاہم ملزم کے اہلخانہ کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیاہے، زخمی پولیس اہلکار اور ہلاک ملزم کے اہلخانہ سے واقعے سے متعلق پوچھ گچھ کی جائے گی۔