کراچی میں بجلی کی غیراعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ سے شہری عذاب میں مبتلا ہوگئے ، لیاقت آباد، پی آئی بی، 3ہٹی، گارڈن اور متعدد علاقوں میں شدید احتجاج کیا گیا جبکہ ماڑی پور روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔
روشنیوں کے شہر کراچی میں اندھیرے کا راج رہا، شدید گرمی میں 16 گھنٹے کی طویل بندش نے عوام کا میٹر ہی گھما دیا۔
لیاقت آباد، پی آئی بی، 3ہٹی، گارڈن، ایم ٹی خان روڈ، ماڑی پور روڈ، پاور ہاؤس، سخی حسن، لیاری اور دیگر علاقوں میں عوام سڑکوں پر نکل آئے اور آگ لگا کر روڈ بلاک کردیئے، کئی علاقوں میں روڈ بند ہوئے تو ٹریفک جام ہوگیا۔
خواتین اور بچےبھی سراپا احتجاج بن گئےجبکہ عوام کا کہنا تھا کہ 24گھنٹے میں 4سے 5گھنٹے ہی بجلی آتی ہے،جب تک لائٹ نہیں آئے گی گھروں کو واپس نہیں جائیں گے ۔
ادھر ماڑی پور روڈ پر بجلی کی بندش کیخلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا، پولیس اور مظاہرین آمنے سامنے آگئے ، جس پر پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک کے الیکٹرک بجلی کا مسئلہ حل نہیں کردیتی احتجاج جاری رکھیں گے، موٹر وے پولیس نے لیاری ایکسپریس وے کو ٹریفک کیلئے بند کردیا۔