ایم کیو ایم کے کامران ٹیسوری آج گورنر سندھ کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
کامران خان ٹیسوری آج 34ویں گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔ کامران ٹیسوری کی تقریبِ حلف برداری شام 5 بجے گورنر ہاؤس کراچی میں ہوگی۔
چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نئے گورنر سندھ سے حلف لیں گے ۔تقریب میں سندھ کابینہ، سیاسی ، کاروباری، اور سماجی شخصیات شرکت کریں گے۔
صدر نے محمد کامران خان ٹیسوری کی بطور گورنر سندھ تعیناتی کی منظوری دے دی۔
صدرِ مملکت عارف علوی نے یہ منظوری آئین آرٹیکل 101 ایک کے تحت دی تھی۔
کامران ٹیسوری، کراچی کے معروف کاروباری ٹیسوری خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ سیاست میں آنے سے قبل سونے کی تجارت سے شہرت کمائی۔ سیاست کے آغاز میں وزیر اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم کے قریب رہے۔
پیپلز پارٹی کے دور میں زمینوں پر قبضے کے الزامات پر جیل جانا پڑا۔2013 میں فنکشنل لیگ میں شمولیت اختیار کی لیکن اختلافات پر پارٹی چھوڑ دی۔
ایم کیو ایم میں شمولیت کی کوشش کی لیکن ایم کیو ایم کے کئی رہنماؤں نے مخالفت کی۔ ایم کیو ایم پاکستان وجود میں آئی تو فاروق ستار نے انہیں پارٹی میں شامل کیا۔کچھ عرصہ بعد ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر بنا دیئے گئے۔
پارٹی اختلافات پر استعفیٰ دیا لیکن فاروق ستار کی والدہ نے انہیں پارٹی میں دوبارہ شمولیت پر منا لیا۔ کامران ٹیسوری کو سینیٹ کا امیدوار نامزد کرنے پر فاروق ستار اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں میں اختلافات بڑھے اور فاروق ستار اور کامران ٹیسوری ایم کیو ایم پاکستان سے الگ ہو گئے۔
کامران ٹیسوری، ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت اور فاروق ستار کے درمیان اختلافات کی بڑی وجہ تھے لیکن چند روز قبل انہیں دوبارہ ایم کیو ایم پاکستان میں شامل کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر بنا دیا گیا۔