اسحاق ڈار نے سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھالیا، مفتاح اسماعیل باضابطہ مستعفی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار نے 4 سال بعد سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھالیا ہے جب کہ ۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں اسحق ڈار نے سینیٹر کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اسحاق ڈار سے حلف لیا۔ حلف برداری کےدوران اپوزیشن کی جانب سے ہنگامہ آرائی کی گئی۔

اپوزیشن اراکین نے اسحاق ڈار کی نشست کے پاس جا کراحتجاج کیا۔ جس پر چیئرمین سینیٹ نے ہال میں سارجنٹ ایٹ آرمزکوطلب کرلیا۔

حلف برداری کے بعد وفاقی وزیر قانون اعظم نذیرتارڑ نے کہا کہ اسحاق ڈار کا آج ایوان میں پہلا دن ہے، وہ اسحاق ڈار کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ احتجاج جمہوری حق ہے لیکن اس ایوان کے تقدس کا خیال رکھیں۔

قائد حزب اختلاف شہزاد وسیم نے کہا کہ سینیٹ کی یہ نشست اتنے عرصے سے خالی رہی، ایک بھائی نے ان کو باہر بھگایا اور دوسرا جہاز میں لے آیا،عدالتیں طلب کرتی ہیں تو یہ لوگ بیمار ہوجاتے ہیں، ان لوگوں کی بیماری کا علاج صرف اقتدار ہے اور کچھ نہیں۔

شہزاد وسیم نے کہا کہ اسحاق ڈار پر پاکستان کی معیشت کو برباد کرنے کا الزام ہے، ان لوگوں کے وزیراعظم بھی اشتہاری رہ چکےہیں، یہ ملک ایک خاندان کی جاگیر بنتا جا رہا ہے۔

دوسری جانب مفتاح اسماعیل عہدے سے باضابطہ طور پر مستعفی ہوگئے ہیں۔

وزیراعظم کو بھیجے گئے استعفے میں مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ آپ کی قیادت میں ملک کی خدمت کرنا باعث افتخار ہے، بطور وزیر خزانہ و ریونیو اپنے عہدے سے مستعفی ہورہا ہوں۔

حلف برداری سے قبل اسحاق ڈار نے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سمیت دیگر رہنما بھی شریک تھے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور حلف سے متعلق بات چیت کی گئی۔

اس سے قبل وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے تحریری استعفیٰ وزیراعظم شہباز شریف کو بھجوا دیا جس میں کہا گیا کہ آپ کی قیادت میں ملک کی خدمت کرنا باعث افتخار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں