اسحاق ڈار آج امریکا روانہ ہونگے

وزیر خزانہ اسحاق ڈار آج سرکاری دورے پر امریکا روانہ ہونگے، وہ مختلف حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی وزیر آج بروز منگل 11 اکتوبر کو صبح ساڑھے گیارہ بجے نجی ایئرلائن کی پرواز سے امریکا روانہ ہو رہے ہیں۔

اسحاق ڈار سالانہ اجلاس کے موقع پر عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف ) اور ورلڈ بینک حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

آئی ایم ایف حکام سے ملاقات میں معاشی صورت حال اور قرض پروگرام پر بات چیت ہوگی۔ گورنر اسٹیٹ بینک اور سیکریٹری خزانہ بھی مذاکرات میں شرکت کریں گے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی دورہ امریکا کے دوران عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کے حکام سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

واضح رہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے گزشتہ ماہ ہی پاکستان کنٹری رپورٹ جاری کی گئی ہے۔ آئی ایم ایف کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ زرمبادلہ ذخائر اور روپے کی قدر میں نمایاں کمی آئی ہے،زرمبادلہ ذخائر، پرائمری بجٹ خسارے سمیت 5 اہداف پورے نہیں کئے گئے، اس کے علاوہ سات بنیادی ڈھانچہ اہداف پر بھی عمل نہیں کیا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان میں مالی سال 2022 کے دوران معاشی سرگرمیاں مضبوط رہیں، حکومت نے قرض پروگرام کو ٹریک پر لانے کیلئے کئی اقدامات کئے، بنیادی سرپلس پر مبنی بجٹ، شرح سود میں نمایاں اضافہ شامل ہیں، فیول سبسڈی کا خاتمہ، ایندھن اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا،خوراک، ایندھن کی عالمی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی میں نمایاں اضافہ ہوا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ بیرونی پوزیشن غیر مستحکم اور کرنٹ اکاونٹ خسارے میں اضافہ ہواہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں