وزارت داخلہ کی جعلی ویب سائٹ بنانے میں ملوث ملزم گرفتار

وزارت داخلہ کی جعلی ویب سائٹ بنانے میں ملوث ملزم عاکف ندیم کو ایف آئی اے نے فیصل آباد سے گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل اسلام آباد نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے وزارت داخلہ کی جعلی ویب سائٹ بنانے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم محمد عاکف ندیم کو فیصل آباد سے گرفتارکيا گيا ہے، اور کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔

ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ملزم عاکف ندیم شہریوں کو کالے شیشوں کے جعلی پرمٹ جاری کرنے میں ملوث تھا۔

ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ملزم کی گرفتار کے لئے ڈپٹی ڈائریکٹر کی سربراہ میں ایف آئی اے سائبر کرائم کی ٹیم تشکیل دی گئی تھی، جس نے فیصل آباد میں کارروائی کرکے عاکف ندیم نامی ملزم کو گرفتار کیا، اور اس کے قبضے سے تمام غیرقانونی مواد بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم عاکف ندیم نے وزارت داخلہ کی جعلی ویب سائٹ بھی بنارکھی تھی، جس کے ذریعے وہ شہریوں کو کالے شیشے کے جعلی پرمٹ جاری کرتا تھا۔

ایف آئی اے حکام نے مزید بتایا کہ ملزم کو تمام شواہد و ثبوت جمع کرنے کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزم کے قبضے سے اس کا موبائل فون اور دیگر مواد بھی برآمد کیا گیا ہے، جن کی بنیاد پر مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں