وزیراعظم عمران خان کی چودھری برادران سے ملاقات ہوئی ہے جس میں انہوں نے مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور عامر ڈوگر بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔ ملاقات میں وزیراعظم اور چودھری برادران کے درمیان سیاسی معاملات پر گفتگو ہوئی۔
اس ملاقات سے متعلق نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے چودھری برادران کے پاس جا کر بہت اچھا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاست کے دروازے کبھی بند نہیں ہوتے، عمران خان کو جہانگیر ترین اور ایم کیو ایم سے بھی ملاقات کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد ٹھس ہوچکی ہے، ہمیں گھر بھیجنے والے خود گھر جائیں گے، ان کے 12ممبر کم ہیں۔ اپوزیشن اپنی سیاسی موت مرچکی ہے.
شیخ رشید نے کہا کہ گزشتہ روز کے معاشی ریلیف کے بعد عمران خان اور مضبوط ہو چکے ہیں۔