عمران خان کا عوام کا سڑکوں پر آنے پر شکریہ

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے عوام کا سڑکوں پر آنے پر شکریہ ادا کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں پاکستانی سڑکوں پر امڈ آئے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ضمانتوں پر رہا ہونے والوں کو اقتدار میں لانےکی کوشش کی گئی، بیرون ملک پاکستانیوں نے میر صادق اور میرجعفروں کو مسترد کردیا ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ مقامی میرجعفروں نے امریکی حمایت سے حکومت تبدیل کی لیکن اندرون اور بیرون ملک پاکستانیوں نے ان کو مسترد کردیا ہے۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے اعلان پر گزشتہ رات ملک کے مختلف شہروں میں تحریک انصاف کے کارکنان احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔

پی ٹی آئی کے کارکنوں نے کراچی، لاہور، ملتان، فیصل آباد، چلاس، کوہاٹ، چیچہ وطنی، جہانیاں، میانوالی، بہاولنگر، منڈی بہاء الدین، سکھر، کندھ کوٹ، خیرپور اور تھر پارکر میں عمران خان کی اپیل پر احتجاج کیا۔

کراچی میں پی ٹی آئی کارکنوں نے ڈالمیا روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا، جس کے باعث ٹریفک پولیس گاڑیوں کو راشد منہاس روڈ سے نیپا چورنگی بھیجنے لگی۔

واضح رہے عمران خان 3 سال 8 ماہ وزیر اعظم رہنے کے بعد گزشتہ رات تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں اپنے عہدے سے ہٹادیئے گئے ہیں اور یوں وہ پاکستان کی تاریخ میں تحریک عدم اعتماد کے ذرریعے گھر جانے والے پہلے وزیراعظم بن گئے ہیں۔

ہفتے کے روز تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کرانے سے انکار کرکے اسپیکر اسد قیصر مستعفی ہوئے اور ایوان ایاز صادق کے حوالے کرگئے جس کے بعد ان کی صدارت میں اجلاس کی کارروائی آگے بڑھائی گئی۔

اس دوران 174 ارکان نے عدم اعتماد کی قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔ تحریک عدم اعتماد کے دوران پی ٹی آئی کے منحرف ارکان نے اپنے ووٹ کاسٹ نہیں کیے جب کہ حکومتی ارکان قومی اسمبلی ایوان میں موجود نہیں تھے لہٰذا ان کے ووٹ بھی کاسٹ نہیں ہوئے اور یوں تحریک عدم اعتماد 0-174 سے کامیاب قرار پائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں