پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما قمرزمان کائرہ کا کہنا ہے کہ عمران خان اپنے جرائم کو چھپانے کے لئے اداروں پر حملہ آور ہیں، عمران خان شہبازگل کی عیادت کی آڑ میں ایک مرتبہ پھر جتھے کے ساتھ حملہ آور ہونے جارہے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قمرزمان کائرہ نے کہا کہ عمران خان سے ایف آئی اے ، نیب یا کوئی بھی تحقیقاتی ادارہ سوال کرے تو وہ ادارہ غلط ہوجاتا ہے۔ عمران خان فوج سے کہتے ہیں کہ غیرجابنداری ختم کرتے ہوئے اس حکومت کا خاتمہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ آج پی ٹی آئی دورکے شاخسانے کو قوم بھگت رہی ہے، ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ بشیر میمن کو طلب کر کے عارف نقوی معاملے میں عمران خان پر کیس قائم کریں۔
پی پی رہنما نے کہا کہ جب عمران خان نے توشہ خانہ سے تحائف حاصل کر لئے تو اپنے گوشوارے میں ان تحائف کو اثاثے کے طور پر ظاہر نہیں کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ منی لانڈرنگ کا اعلی ترین نمونہ ہے، جو پاکستان اور امریکہ کو مطلوب ہے۔