اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ عمران خان کی فیکٹریاں نہیں ملیں تو توشہ خانہ کا الزام لگا دیا۔
پی ٹی آئی رہنما اور سابق معاون خصوصی شہباز گل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے دور میں وزیر اعظم ہاؤس میں منڈی لگی ہوئی تھی اور یوسف رضا گیلانی نے ایک شخص کو بس کوآرڈینیٹر کا لیٹر دیا تھا جو پیسے لیا کرتا تھا اور بعد میں اس کوارڈینیٹر کے اکاؤنٹ سے اربوں روپے نکلے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف کوئی کرپشن کا کیس نہیں ملا اس کے باوجود امپورٹڈ حکومت کس طرح اقتدار میں آئی عوام کے سامنے ہے۔ عمران خان نے کسی رشہ دار کو ٹھیکہ نہیں دیا اور عمران خان نے 14 تحفے قانون کے مطابق توشہ خانہ سے لیے۔
شہباز گل نے کہا کہ ملائیشیا نے عمران خان کو گاڑی دی جو آج بھی توشہ خانہ میں موجود ہے جبکہ گزشتہ حکومتوں میں 10 فیصد دے کر تحفہ لے لیا جاتا تھا۔ قانون توشہ خانہ سے گاڑی لینے کی اجازت نہیں دیتا لیکن اس کے باوجود آصف علی زرداری اور نواز شریف نے خلاف ضابطہ گاڑیاں لیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 50 فیصد رقم ادا کر کے تحفے حاصل کیے اور تحائف کی ویلیو سینئر افسران نے مقرر کی لیکن اگر افسران نے غلط ویلیو لگائی تو ان کے خلاف کیس کریں۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ایک محترمہ وزیر اعظم ہاؤس کے دروازے پاؤں کی نوک سے کھولتی ہیں۔ مریم اورنگزیب کو کابینہ ڈویژن نے منع کیا، جھوٹ مت بولیں اور کابینہ ڈویژن نے مریم اورنگزیب کو بتایا کہ پی ٹی آئی کے پاس ریکارڈ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کلاشنکوف جس کا نمبر 32606 ہے توشہ خانہ میں موجود ہے اور یہ کلاشنکوف سعودی عرب کی جانب سے تحفہ دی گئی تھی۔ وزیراعظم کے پاس ہر سال 6 سے 8 ہزار ارب روپے کا بجٹ ہوتا تھا۔
سابق معاون خصوصی نے کہا کہ عمران خان کی فیکٹریاں نہیں ملیں تو توشہ خانہ کا الزام لگا دیا۔ ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش نہ کریں اور تحریک انصاف چاہتی ہے فوری انتخابات ہوں جبکہ قانون کے مطابق عمران خان کو سیکیورٹی دیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں اسکرین لگانے سے روکا گیا ہے لیکن یہ تحریک رکنے والی نہیں ہے پر امن رہے گی۔ 10 دن بعد حکومت خود پوچھ رہی ہو گی الیکشن کب کرانا ہے۔