عمران خان کا سوشل میڈیا سے براہ راست گفتگو کا فیصلہ

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کل رات سوشل میڈیا سے براہ راست گفتگو کا فیصلہ کیا ہے۔

نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی آفیشل سوشل میڈیا ٹیم کو تمام تیاریوں کی باضابطہ ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیرصدارت سیاسی کمیٹی کا بھی اجلاس ہوا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

عمران خان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں 21 اپریل کو مینار پاکستان میں ہونے والے جلسے کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر بھی غور و خوص کیا گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے اس موقع پر ذمہ داران کو ہدایت کی کہ قافلوں کے ہمراہ بروقت جلسہ گاہ پہنچیں۔ عمران خان نے واضح طور پر کہا کہ انتخابات کے ذریعے عوام کو اپنے مستقبل کا موقع دینے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ملک کی خود مختاری اور جمہوریت کا تحفظ عوام کرتے ہیں، پوری قوم اپنی آزادی و خود مختاری کے لیے یکجا و متحرک ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں