سابق وزیراعظم عمران خان کو کراچی لانے والا نجی کمپنی کا طیارہ کراچی پہنچ کر فنی خرابی کا شکار ہوگیا جس کے بعد عمران خان متبادل طیارے سے آج صبح اسلام آباد پہنچے۔
سابق وزیراعظم عمران خان ہفتے کی شب ساڑھے 8 بجے پاکستانی بزنس گروپ “اینگرو” کی ملکیت AP-PLE رجسٹریشن کے حامل طیارے میں اسلام آباد سے کراچی پہنچے تھے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کراچی پہنچنے کے بعد طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوئی۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے مزار قائد سے متصل باغ جناح میں پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام ایک بڑے جلسے سے خطاب کیا جس کے اختتام کے بعد انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔
عمران خان گورنر سندھ عمران اسماعیل کی ذاتی رہائش گاہ بھی گئے۔ اس دوران عمران خان کو کراچی سے اسلام آباد پہنچانے کے لیے دوسرے چارٹر طیارے کا بندوبست کیا گیا۔
عمران خان صبح 3 بجے کراچی ائیرپورٹ کے ٹرمینل ون پر پہنچے۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل اور پارٹی کی دیگر قیادت نے عمران خان کو رخصت کیا جب کہ عمران خان صبح پانچ بجے اسلام آباد پہنچ گئے۔