مشہور کار ساز کمپنیاں ہنڈا اور جنرل موٹرز نے بجلی سے چلنے والی کم لاگت کی کاریں مشترکہ طور پر بنانے کا اعلان کیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق جاپان کی گاڑی ساز کمپنی ہنڈا موٹرز نے بجلی سے چلنے والی کم لاگت گاڑیوں کی سیریز جنرل موٹرز، جی ایم، کے ساتھ مل کر تیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ہنڈا موٹرز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جنرل موٹرز کے ساتھ شراکت داری کا فیصلہ منگل کو ہو گیا تھا، اور 2027 تک عالمی مارکیٹ میں بجلی سے چلنے والی گاڑیاں تیار کی جائیں گی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ان گاڑیوں کو سب سے پہلے شمالی امریکہ میں متعارف کرایا جائے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ گاڑیاں تیار کرنے کی منصوبہ بندی اس طرح کی جائے گی تاکہ انہیں ہنڈا یا جی ایم دونوں میں سے کسی کے کارخانے پر بھی تیار کیا جا سکے۔
توقع ہے کہ ان کمپنیوں کو اس حکمت عملی کے ذریعے لاکھوں گاڑیاں تیار کرنے کی موقع ملے گا، جس سے لاگت کم ہو گی اور گاڑی کی اسٹکر پرائس میں کمی آئے گی۔
مذکورہ کمپنیاں بیٹریوں کی جدید ترین ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کے طریقوں کا بھی جائزہ لیں گی جبکہ بجلی سے چلنے والی ان گاڑیوں کی بیٹریاں جی ایم تیار کرے گی۔