گریمی ایوارڈ یافتہ گلوکارہ عروج آفتاب نےایک اور اعزاز حاصل کرلیا

گریمی ایوارڈ حاصل کرنے والی عالمی شہرت یافتہ پاکستانی نژاد گلوکارہ عروج آفتاب نے ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔

صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کی ڈائمنڈ جوبلی یعنی 75ویں جشنِ آزادی کے موقع پر 253 پاکستانی شہریوں کے ساتھ ساتھ کچھ غیر ملکی شہریوں کو بھی پاکستان سول ایوارڈز سے نوازا ہے۔

اس موقع پر عروج آفتاب کو بھی فن اور موسیقی کے میدان میں بہترین کارکردگی دکھانے پر پرائڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔

واضح رہے کہ بروکلین میں مقیم اس پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب نے 2022 کے گریمی ایوارڈز میں پہلا گریمی ایوارڈ جیت کر اپنے ملک کا سر فخر سے بلند کیا تھا۔

عروج کو گریمی ایوارڈزکے لیے بہترین نیو آرٹسٹ اوربہترین گلوبل پرفارمنس کی کیٹیگریز میں نامزد کیا گیا تھا۔

گلوکارہ کو گریمی دلوانے والی ’محبت ’ کو سابق امریکی صدر باراک اوباما نے اپنا پسندیدہ قراردیا تھااور یہ ان کی سمرپلے لسٹ 2021 میں بھی شامل تھی، 1920 کی دہائی میں حفیظ ہوشیارپوری کی لکھی گئی یہ اردو کلاسیکل نظم عروج کی تیسری البم ‘ولچرپرنس’کا حصہ ہے۔

پندرہ سال سے نیویارک میں مقیم 37 سالہ عروج کلاسیکی موسیقی کو لوک اور جیز سے ہم آہنگ کرتی ہیں اوراپنے کام کی بدولت مسلسل عالمی توجہ حاصل کررہی ہیں۔

عروج کے والدین کا تعلق دعودی عرب سے ہے اور خود ان کی پیدائش سعودی عرب میں ہوئی، گلوکارہ میوزیکل پروڈکشن اور انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے بوسٹن کے مشہور برکلے اسکول آف میوزک گئیں اور اب امریکا میں ہی مقیم ہیں۔

دو بار گریمی ایوارڈز کے لیے نامزد ہونے والی عروج آفتاب کی تصویر ٹائمز اسکوائر بل بورڈ پر آڈیو اسٹریمنگ سروس اسپاٹی فائی کی مہم ‘ایکوئل پاکستان’ کے لیے بطورایمبیسیڈر بھی آویزاں کی جاچکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں