مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف فرخ حبیب نے کہا ہے کہ عوام کو کچلنا اور معیشت کا جنازہ نکالنا بھکاری کرائم منسٹر کو سونپے جانے والے ایجنڈے کا حصہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے خطاب پر فرخ حبیب نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ منافقت، مکاری، طوطا چشمی اور شقی القلبی کا انسانی نمونہ بنے کرائم منسٹر قوم کے سامنے کھڑے ہیں، گرینڈ ڈائیلاگ کا شوشہ ناکامی اور 50 روز میں پھیلائی گئی معاشی تباہی کا اعتراف ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سازش سے قوم پر مسلط ہونے کے بعد آٹھ ہفتوں میں یہ شخص ملکی معیشت کا جنازہ نکال چکا ہے، غریب عوام پر عذاب بن کر نازل ہونے والے اس بھکاری بندوبست نے بیک جنبشِ قلم ملک میں سیاسی و معاشی افراتفری کی بنیاد ڈال دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تیل، بجلی اور گیس کو 40 سے 45 فیصد مہنگا کر کے امپورٹڈ کرائم منسٹر معیشت چلانے کے مضحکہ خیز دعوے کر رہا ہے، کروڑوں لوگوں کی قوت خرید تباہ کر کے 2 ہزار کے لالی پاپ کا اعلان ہر زاویے سے شرمناک ہے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ حیا کی کوئی رمق باقی ہوتی تو بھکاری کرائم منسٹر گرینڈ ڈائیلاگ جیسے شوشے چھوڑنے کی بجائے بغیر تیاری مسلط ہونے پر قوم سے معافی مانگتے، ان کے گرینڈ ڈائیلاگ کے بینیفیشری صحت، معیشت، تعلیم و صنعت نہیں مقصود چپڑاسی ہیں۔