جرمن سفیر نے پاکستان کو ’خدا حافظ‘ کہہ دیا

پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر برن ہارڈ شلیگ ہیک آج جرمنی واپس جارہے ہیں۔

‏‏جرمن سفیر برائے پاکستان نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں وہ سائیکل پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی سڑکوں پر گھوم رہے ہیں۔

ویڈیو پیغام میں جرمن سفیر نے کہا کہ ’آج کا دن بہت خاص ہے، آج اسلام آباد میں میرا آخری دن ہے کیونکہ آج بطور جرمن سفیر پاکستان میں آج میرا سفر ختم ہورہا ہے‘۔

اُنہوں نے کہا کہ ’مجھے گزشتہ تین برسوں میں پاکستان کے لوگوں سے بہت محبت اور پیار ملا‘۔

جرمن سفیر نے کہا کہ ’میں پاکستان اور اس کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، میں یہاں سے جارہا ہوں لیکن پاکستان اور یہاں کے لوگ ہمیشہ میری یادوں میں رہیں گے‘۔

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’اس شاندار ملک میں تین سال بہت تیزی سے گزر گئے‘۔

جرمن سفیر نے مزید لکھا کہ ’میں ایک آخری بار اس پلیٹ فارم کے ذریعے آپ سب سے بات کرتا ہوں لیکن یقین جانیے پاکستان ہمیشہ میرے دل میں ہے‘۔

اپنا تبصرہ بھیجیں