سندھ اوربلوچستان میں سیلابی صورتحال کے باعث ملک بھر کا ٹرین آپریشن معطل ہونے سے کراچی کا کینٹ اسٹیشن ویران ہوگیا ہے۔ آج بروز بدھ 31 اگست کو کراچی سے اندرون ملک کوئی بھی ٹرین نہیں چلے گی۔
کراچی کےمصروف ترین کینٹ ریلوےاسٹیشن پر آج کل ویرانی کے ڈیرے ہیں۔
مسافروں اور ان کے سامان کا تعاقب کرتے قلی کام نہ ملنے کی وجہ سے پریشان ہیں۔
کینٹ ریلوے اسٹیشن پرچھائی ویرانی نےدیکھنےوالوں کوحیران کردیاہے۔سیلاب کےباعث ٹرینوں کا پہیہ تو رکا ہی لیکن ان کے ساتھ ان سیکڑوں مزدوروں کی معیشت کا پہیہ بھی رک گیا جن کا روزگار صرف ٹرینوں کی آمدورفت سے وابستہ تھا۔ٹرینیں معطل ہونے سے شہری سستے سفر سے محروم ہوگئے ہیں۔
پاکستان ریلوے کا کہنا ہےکہ جب تک ٹریک سے پانی مکمل طور پر صاف نہیں ہوجاتا ٹرین سروس بحال نہیں ہوگی۔
محکمہ ریلوے کی جانب سے بتایا گیا کہ اس وقت صرف خیبرمیل اپ اور ڈاؤن ملتان اور پشاور کے درمیان چلتی رہے گی۔31اگست کو کراچی سے اندرون ملک کوئی بھی ٹرین نہیں چلےگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین آپریشن کی بحالی سے پہلے پاکستان ریلوے کو تباہ حال انفرا اسٹریکچر کو بہتر بنانا ہوگا تا کہ دوبارہ اس طرح کی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔