لاہور میں گلبرگ پیس پلازہ میں آتشزدگی، کروڑوں کا سامان جل کر خاکستر

لاہور: گلبرگ کے علاقے میں پیس شاپنگ پلازہ میں رات گئے آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے شاپنگ مال کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں دکانوں میں موجود کروڑوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور آگ بجھانے کی سرتوڑ کوشش کی لیکن آگ اتنی خوفناک تھی کہ اس نے مال کی تمام منزلوں پر موجود تقریبا 450 دکانوں کو جلاکر راکھ کا ڈھیر بنادیا۔

گلبرگ پیس کے پریشان دکاندار بے بسی سے اپنی دکانوں کو جلتا دیکھتے رہے۔ انہوں نے اپنی دکانوں میں سے سامان نکالنے کی کوششیں بھی کیں لیکن چند ایک دکاندار ہی اپنی جلتی دکانوں کا کچھ سامان نکالنے میں کامیاب ہوئے۔

شاپنگ پلازہ  کی چھت پر لگے دوکروڑ روپے کے سولر پینل بھی آگ کی لپیٹ میں آگئے جب کہ اےسی کمپریسر اور چلر پھٹنے سے دھماکے بھی ہوئے۔

پولیس نے ریسکیو کاموں میں رکاوٹ ڈالنے پر پلازہ کے سیکورٹی انچارج اور ملازم کو گرفتار کر لیا۔ دکان داروں کا کہنا ہے کہ پلازہ کے اندر کوئی فائر سسٹم نہیں کہ ہنگامی حالات میں آگ بجھائی جاسکے۔ دکانداروں نے الزام لگایا کہ آگ لگی نہیں بلکہ لگائی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں