کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت ملک بھر میں مارکیٹیں رات ساڑھے8 بجے بند ہوں گی۔ شادی ہالز رات 10 بجے بند کرنا ہوں گے۔
وفاقی کابینہ نے توانائی بچت پروگرام کی منظوری دے دی۔ حکومت نے ملک بھر میں شادی ہالز رات 10 اور مارکیٹیں ساڑھے 8 بجے بند کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ سرکاری اداروں کے بجلی کے استعمال میں 30 فیصد کمی لائے جائے گی۔ اس منصوبے سے سالانہ 62 ارب روپے کی بچت ہوگی۔پلان فوری طور پر نافذ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی روٹین ساری دنیا سے مختلف ہے، یہاں مارکیٹیں اور ریسٹورینٹس ایک دو بجے تک کھلے رہتے ہیں۔ دفاتر کا بھی یہی حال ہے، ہمیں اپنا طرز زندگی بدلنے کی ضرورت ہے، ہماری عادات و اطور باقی دنیا سے مخلتف ہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ یکم جولائی کے بعد بجلی سے چلنے والے پنکھے تیار نہیں کیے جائیں گے۔ ہم گرمیوں میں 29 ہزار میگا واٹ بجلی استعمال کرتے ہیں۔ 17 ہزار میگاواٹ بجلی سردیوں کی نسبت زیادہ استعمال کرتے ہیں ، سردیوں میں ہم 12 ہزار میگاواٹ بجلی استعمال کرتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ گرمی سے بچنے کے لیے ہم 18 ہزار میگاواٹ بجلی استعمال کرتے ہیں جس میں سے صرف پنکھے 12 ہزار میگاواٹ بجلی استعمال کرتے ہیں، پروگرام بنا رہے ہیں کہ بجلی کا استعمال نیچے لائیں، ہم ایک پروگرام پر عمل کررہے ہیں کہ پنکھوں میں بجلی کا استعمال کم کیا جائے۔
انہوں نے کہا ہے کہ یکم فروری کے بعد پرانی طرز کے بلب تیار نہیں ہوں گے۔ اس سے 22 ارب روپے کی بچت ہوگی جب کہ تمام سرکاری ادارے بجلی کی بچت کےلیے ایفیشیئنٹ آلات لگائیں گے، غیر مؤثر آلات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔