وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی فوج کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے۔
اسلام آباد میں وزیراطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتےہوئے کہا کہ اپوزيشن کے چہروں سے پتہ چل رہا ہے کہ حالات کدھر جارہے ہيں،آج ہارے ہوئے”پہلوانوں”کی پریس کانفرنسز ہوئی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ وزيراعظم نےبيان دیاہےکہ سياسی محاذ پر مکمل اعتماد سےکھڑے ہيں اور بارہا تنبيہ کی ہے کہ سياست کو اس طرح سے گندا نہ کريں۔
وزیراطلاعات نے (ن) لیگ سے متعلق کہا کہ ڈان لیکس نوازشریف کی سوچ کی عکاسی کرتی ہے، نوازشريف کی بھارتی تاجروں سے ملاقاتيں ہوئيں۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک میں اپوزیشن نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے یورپی یونین پر تنقید کیوں کی تاہم وزیراعظم نے آسان بات کہی تھی کہ جو خط یورپی یونین نے پاکستان کو لکھا ہے کیا وہ خط بھارت کو بھی لکھا تھا۔
انھوں نے بتایا کہ اسلامی وزراء خارجہ کے وفود 21 مارچ سے اسلام آباد پہنچ رہے ہیں،23مارچ کو یوم پاکستان کی پريڈ ميں دنيا بھر کے اسلامی ممالک کےوزرائےخارجہ شريک ہونگے،اس لئےحکومت چاہتی ہے کہ سیاسی ڈرامے جلد از جلد ختم ہوجائیں۔
فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ حکومت کو اپنے رکن قومی اسمبلی سمیت اتحادیوں کی حمایت حاصل ہے۔ حکومت اپنے اراکین اسمبلی میں نہیں لائے گی اوروزیراعظم نے کہا ہے کہ قانونی پوزیشن واضح اور پراعتماد ہے۔
انھوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو عمران خان کا اعتماد اور پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اعتماد حاصل ہے، وزیراعلیٰ نے خود استعفی پیش کیا تھا لیکن اس وقت تحریک عدم اعتماد پر فوکس کیا ہوا ہے۔