بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں بلکہ کمی ہوئی ہے: حماد اظہر

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے خوشخبری سنائی ہے کہ بجلی صارفین کو مارچ کے بلوں میں 5روپے فی یونٹ ریلیف ملنا شروع ہو جائے گا۔ 

تفصیلات کے مطابق حماد اظہر نے کہا کہ یہ ریلیف وزیراعظم پاکستان عمران خان کے اعلان کردہ پیکیج کے تحت دیا جائے گا اور اس حوالے سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ اس پیکیج سے ملک بھر کے گھریلوں صارفین کے علاوہ کمرشل صارفین بھی مستفید ہو سکیں گے۔ 

انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں لکھا ’بجلی کے نرخ میں اضافہ نہیں ہوا، عالمی منڈیوں میں کوئلے، ایل این جی اور تیل کی قیمتوں کے اضافے کی وجہ سے ہر ماہ نئی فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ بل میں لگتی ہے اور پچھلے ماہ کی خارج ہو جاتی ہے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم کا 5 روپے فی یونٹ رعایتی پیکیج کا نفاظ ہو چکا ہے۔‘ 

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں پٹرول اور بجلی کی قیمتیں کم کرنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ آئندہ بجٹ تک قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں