ضمنی الیکشن میں شکست کا معاملہ، حکومتی اتحادی آج سر جوڑ کر بیٹھیں گے

پنجاب کے ضمنی الیکشن کے بعد کی صورتحال پر غور کے لیے حکومتی اتحادی آج سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔

وزیراعظم نے اہم اجلاس طلب کرلیا، آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی شرکت بھی متوقع ہے، اجلاس میں بڑے فیصلوں کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں ضمنی انتخابات میں شکست بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا، وفاقی حکومت کے مستقبل کے حوالے سے اہم مشاورت بھی ہوگی۔

ادھر وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پراتحادی جماعتوں کا اہم اجلاس آج ہو گا، وزیراعظم نے پی ڈی ایم قائدین کو لاہور میں اپنی رہائش گاہ پردعوت دی ہے۔

دوسری جانب ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ بھی بلا لی گئی ہے، پنجاب اسمبلی میں فعال کردار اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت ہوگی، مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ن لیگ کا اجلاس ہوا تھا جس میں انہیں ض٘نی الیکشن ہارنے کی وجوہات پر مبنی رپورٹ پیش کی گئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں