اسلام آباد:زلزلے سے قبل اینڈرائیڈ فون پر الرٹ جاری ہونے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
لوگوں کو اینڈرائیڈ فون پر پیغامات موصول ہو رہے ہیں کہ اینڈرائیڈ ارتھ کائیک الرٹس سسٹم کے ذریعے آپ چند سیکنڈ قبل زلزلے کے بارے جان جائیں گے۔
اس سلسلے میں ٹوئٹر پر اس بارے میں ہر کوئی اس ایپ بارے اپنا تجربہ بیان کر رہا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ مجھے اس ایپ کے ذریعے زلزلے کی اطلاع چند سیکنڈ پہلے ملی جس کے بعد زلزلے کے جھٹکے آئے، انہوں نے مزید لکھا کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ مجھے اینڈرائیڈ ایپ کی اس خصوصیت کا اندازہ نہیں تھا،اس ایپ کے ذریعے زلزلے کی شدت اور گہرائی کتنی تھی بھی معلوم ہو جاتا ہے۔
کچھ صارفین نے اس ایپ پر زلزلے کے بارے میں آنے والے اعداد و شمار کو غلط بھی قرار دیا۔
دنیا بھر میں روزانہ زلزلے آتے ہیں، لاکھوں لوگ زلزلے کے شکار علاقوں میں رہتے ہیں۔ زلزلے کے بارے میں قبل از وقت معلوم ہونے سے لوگ اپنے لئے حفاظتی اقدامات کر سکتے ہیں۔
اینڈرائیڈ ارتھ کائیک الرٹس سسٹم ایک مفت سروس ہے جو دنیا بھر میں آنے والے زلزلوں کا پتہ لگاتی ہے اور زلزلہ آنے سے قبل اینڈرائیڈ صارفین کو آگاہ کر سکتی ہے۔
واضح رہے کہ 2012ء میں سمارٹ فون پر زلزلے کے بارے میں انتباہ جاری کرنے کا سلسلہ شروع ہوا، اب اس میں مزید جدت آ چکی ہے۔