دعا زہرہ کی میڈیکل رپورٹ تیار، آج سندھ ہائیکورٹ میں پیش کی جائے گی

کراچی : پسند کی شادی کرنے والی دعا زہرہ کی میڈیکل رپورٹ تیار کرلی گئی، جو آج سندھ ہائیکورٹ میں پیش کی جائے گی۔

سندھ ہائیکورٹ میں دعا زہرہ کیس کی سماعت آج ہوگی ، جس میں پولیس کی جانب سے دعا زہرہ کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے گی۔

گزشتہ روز کراچی پولیس کو دعا زہرہ کی میڈیکل رپورٹ موصول ہوئی تھی ، میڈیکل رپورٹ کے مطابق دعا زہرہ کی عمر 16 سے 17سال کے درمیان ہے، قد 5 فٹ ایک انچ اور وزن 35 کلو ہے۔

دعا زہرہ کا دعویٰ ہے کہ اس کی عمر 18سال ہے جبکہ والدین کے مطابق لڑکی کی عمر 14سال ہے،میڈیکل رپورٹ نے دونوں کے مؤقف کی تردید کردی۔

یاد رہے کہ 2 روز قبل پولیس حکام نے دعا زہرہ اور اس کے شوہر ظہیر کو سندھ ہائیکورٹ میں پیش کیا گیا، جہاں دعا زہرا نے والدین سے ملنے سے انکار کردیا تھا۔

جس کے بعد عدالت نے دعا زہرہ کی عمر کے تعین کیلئے میڈیکل ٹیسٹ کرانے کا حکم دیتے ہوئے شیلٹر ہوم بھیجنے کا حکم دیا تھا۔

بعد ازاں دعا زہرہ کے والد کے وکیل نے کہا تھا کہ دعا زہرہ ابھی کم عمر اور نابالغ ہے ، ہم نمرہ کاظمی جیسی رپورٹ تسلیم نہیں کریں گے۔

واضح رہے پسند کی شادی کرنے والی کراچی کی دعا زہرہ کو بہاولنگرکی تحصیل چشتیاں سے بازیاب کروایا گیا تھا جبکہ پولیس نے شوہراور پناہ دینے والے کو گرفتار کرلیا تھا۔

پولیس کے مطابق زیرحراست چشتیاں کے رہائشی محمدرفیع پر دعازہرہ اور اس کے شوہر ظہیرکوپناہ دینے کا الزام ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں