دعامنگی کیس،مفرورملزم زوہیب قریشی پولیس مقابلےمیں گرفتار

کندھ کوٹ میں دعامنگی کیس کا مفرورملزم زوہیب قریشی پنجاب فرار ہوتے ہوئے پولیس مقابلےمیں زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

ایس ایس پی امجد شیخ نے بتایا کہ کندھ کوٹ میں ایس ایچ او کرمپور پولیس ٹیم کے ہمراہ گشت پر تھے جب انھوں نے ایک گاڑی کو روکنے کے لیے اشارہ کیا۔

کرمپور کے لنک روڈ پر گاڑی کوروکنے کے اشارے پر پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ کردی۔

پولیس مقابلے میں انتہائی مطلوب زوہیب علی قریشی کوپنجاب فرار ہوتے ہوئے اسلحہ سمیت زخمی حالت میں گرفتارکرلیا گیا۔

ایس ایس پی پولیس نے بتایا کہ ملزم کے قبضے سے گاڑی، 6 موبائل فون اور 5 وائی فائی ڈیوائس برآمد ہوئی ہیں۔

ملزم کے جرائم سے متعلق پولیس نے بتایا کہ زوہیب قریشی نے چند ماہ قبل پلیجو نامی شخص کواغوا کیا تھا۔

کراچی میں اے ٹی سی (ٹو) کی عدالت میں ڈیفنس کےرہائشی کےاغوا کا کیس بھی زیرِسماعت ہے۔

اس کےعلاوہ ملزم نے اپنےساتھیوں کے ہمراہ فیضان نامی شخص کو 2015 میں گاڑی سمیت ٹنڈو جام سے اغوا کیا تھا۔

ملزم نےاپنے دوستوں کے ہمراہ 2019 میں بسمہ نامی عورت کو گاڑی سمیت اغوا کرکے6 دن قید میں رکھا اور1 کروڑ75 لاکھ روپے تاوان لے کررہا کیا۔

ملزم دعا منگی کیس کا مرکزی ملزم ہے جس میں اس نے 25 لاکھ روپے تاوان کےلیے اغوا کیا تھا۔

ایس ایس پی امجد شیخ نے بتایا کہ ملزم کا مزید کرمنل ریکارڈ چیک کروایا جا رہا ہے۔

کراچی سے 2 ماہ قبل دعا منگی کیس کا مرکزی ملزم زوہیب قریشی عدالت سے جیل واپسی پر شاپنگ سینٹر سے فرارہوگیا جس کا وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نوٹس لیا تھا۔

مرکزی ملزم زوہیب قریشی کو سٹی کورٹ میں پیش کیا گیا تھا اورعدالت سے واپسی پرملزم کوشاپنگ کے لیے طارق روڈ کےشاپنگ مال لےجایا گیا جہاں سے وہ پولیس اہلکاروں کوچکمہ دے کر رکشہ میں بیٹھ کر فرار ہوگیا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو پولیس اہلکاروں کے ساتھ پرائیوٹ گاڑی میں آتے ہوئے اور مال میں داخل ہوتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ ویڈیو میں یہ بھی دیکھا گیا کہ ملزم کو بنا ہتھکڑی اوربنا قیدی وین کے شاپنگ پر لےجایا گیا۔

اس واقعےپرفيروزآباد پوليس نے2اہلکاروں کو حراست ميں لے ليا۔ پوليس اہلکاروں نے بیان دیا کہ انھیں یقین تھا کہ ملزم فرارنہیں ہوگا،اس لیے وہ اس کو شاپنگ پر لے کرگئے۔

ملزم زوہیب قریشی کوواپس جیل پہنچانے کی ذمہ داری ہیڈ کانسٹیبل نوید اور کانسٹیبل ظفر کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں