ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف ملک گیر ہڑتال کے لئے 23جون کو ٹرانسپورٹروں نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔
آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن کا کہنا ہے کہ کرایوں میں اضافہ سے مسافروں کی تعداد ختم ہوتی جارہی ہے، چھوٹا ٹرانسپورٹر کاروباری طور پر ختم ہو چکا۔
ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن نے کہا کہ 23 جون کو مشاورت کے بعد گاڑیاں کھڑی کریں گے، اس سے پہلے 15 جون کو ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا گیا لیکن حکومت نے پر امن احتجاج کو ہماری کمزوری سمجھ لیا۔
ترجمان آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونر نے کہا کہ حکومت نے رات گئے ٹرانسپورٹروں پر ڈیزل حملہ کیا، اب گاڑیاں کھڑی کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔
ترجمان فیڈریشن نے کہا کہ مسافروں میں پہلے ہی کرایہ دینے کی سکت نہیں پورا کرایہ نہیں مل رہا اب ہم کرایوں میں اضافہ نہیں کریں گے ہم گاڑیاں کھڑی کریں گے.
آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹر کا مزید کہنا تھا کہ مسافروں کے ساتھ کرایوں پر جھگڑا کر کے تھک گئے، حکومت گدھا گاڑیاں چلا لے ہم ٹرانسپورٹ نہیں چلا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اتحادی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تیسری مرتبہ اضافہ کردیا گیا۔ پیٹرول 24 اور ڈیزل 59 روپے لیٹر مہنگا ہوگیا جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 233.89 روپے، ڈیزل 263.31 روپے، مٹی کا تیل 211.43 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 207.47 روپے ہوگئی ہے۔۔