موجودہ حکومت 30 مئی سے پہلے ختم ہو جائے گی، شیخ رشید کا دعویٰ

کراچی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 30 مئی سے پہلے چوروں، ڈاکوؤں کی حکومت کو عمران خان ختم کر دے گا۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کراچی میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو قومیں عمران جیسا لیڈر پیدا کرتی ہیں تو عالمی طاقتیں ان سے صدام اور کرنل قذافی جیسا سلوک کرتی ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان 30 مئی سے پہلے ان چوروں اور ڈاکوؤں کی حکومت کا خاتمہ کر دے گا اور ہم پھر اسے وزیر اعظم بنائیں گے۔ اگر عمران خان کو واپس نہ لائے تو جیلیں بھر دیں گے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ یہ کیسا نظام ہے؟ جہاں باپ بیٹے پر فرد جرم عائد کی جا رہی تھی کہ اسی روز اسے وزیر اعظم بنا دیا گیا۔ آصف زرداری نے اس ملک پر قبضہ کیا ہوا ہے ورنہ زرداری اپنے والد کی نشست پر ایم این اے تک نہیں بن سکا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے محترمہ فاطمہ جناح کے کراچی جلسے میں بھی شرکت کی تھی وہ بھی تاریخی جلسہ تھا آج دعویٰ کرتا ہوں کہ آج کے جلسے نے اس کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ کراچی تیری عمران خان سے محبت کو سلام، کراچی تیرے جذبےاور جوش، جرات اور غیرت کو سلام پیش کرتا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں