وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب کچھ دیر بعد ہوگا، اپوزیشن اتحاد کی جانب سے حمزہ شہباز امیدوار ہے جبکہ تحریک انصاف نے ق لیگ کے پرویز الہٰی کو نامزد کر رکھا ہے، ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری صدارت کریں گے۔
پنجاب میں نئے قائد ایوان کا انتخاب آج ہوگا۔ ڈپٹی اسپیکردوست مزاری اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کےانتخاب کیلئے ووٹنگ ہوگی۔ پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے 183، ق لیگ کے 10 ارکان ہیں۔ ن لیگ کے 165 اور پیپلزپارٹی کے 7 ارکان ہیں۔ راہ حق پارٹی کا ایک اور 4 آزاد ارکان ہیں۔ کامیاب امیدوار کو کم از کم 186 ووٹ حاصل کرنا ہوں گے۔ پنجاب اسمبلی کےایوان میں اوپن ووٹنگ سے فیصلہ ہوگا۔
ڈپٹی سپیکر دوست مزاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام دوستوں سے تعاون کی اپیل ہے، اسمبلی رولز کے مطابق الیکشن کراؤں گا، عدالت کا فیصلہ ہے وزیراعلیٰ کا انتخاب شفاف ہونا چاہیئے، کوئی سمجھتا ہے ماحول خراب کرے گا تو پریشر لوں گا نہیں پریشر دوں گا، آج انتخاب صاف اورشفاف ہوگا، کل آئی جی سے ملاقات ہوئی، سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔