چین کے ساتھ ساتھ پاکستان میں‌بھی چائنیز نیو ائر کی تیاریاں عروج پر

پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفارت خانے کے ثقافتی دفتر اور چائنا کلچرل سینٹر پاکستان میں آن لائن 2023ء ’ہیپی چائنیز نیو ایئر‘ اور ’چائنیز اسپرنگ فیسٹیول‘ کی تقریبات کی تیاریاں عروج پر ہیں۔

وزارتِ ثقافت اور سیاحت کے بین الاقوامی تبادلے اور تعاون بیورو، چائنا ایسوسی ایشن اور سینٹرل نیشنل آرکسٹرا کے متعلقہ ذمے دار و ثقافتی سفیر نے پریس کانفرنس میں میڈیا کو ’ہیپی اسپرنگ فیسٹیول‘ کی تیاریوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے میڈیا کو چین کے نئے سال کے تہوار اور 2023ء میں ہونے والی دیگر ثقافتی سرگرمیوں کے بارے میں بھی بتایا۔

پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفارت خانے کے ثقافتی دفتر کے سیکنڈ سیکریٹری شنگ لیجن نے آن لائن ورچوئل پریس کانفرنس کے بعد پاکستانی میڈیا کو چینی نئے سال 2023ء، چینی بہار کے تہوار کی تقریبات اور مستقبل میں ہونے والے پروگراموں کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے پاکستانی صحافی برادری کے ساتھ پاک چین ثقافتی تبادلے کے پروگراموں اور پاک چین دوستی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ چینی قمری کیلنڈر کے مطابق سال 2023ء خرگوش کا سال ہے۔

پریس کانفرنس کا اختتام میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ رسمی گفتگو اور سوال جواب کے سیشن پر ہوا۔

واضح رہے کہ چین میں ’چینی نیا سال‘ 22 جنوری 2023ء بروز اتوار منایا جائے گا جو عام طور پر ’چائنیز اسپرنگ فیسٹیول‘ کے نام سے جانا جاتا ہے اور یہ 19 روز جاری رہنے کے بعد 9 فروری 2023ء کو اختتام پزیر ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں