پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کی معاونت کیلئے پانچ سیاسی مشیر مقرر کردیئے۔
پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کی معاونت کے لئے 5 سیاسی مشیر مقرر کردیئے ہیں، اور اس حوالے سے ایس اینڈ جی اے ڈی نے باضابطہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق عامر نواز، امجد محمود، عارف گوندل، ثمینہ خاور حیات اور زبیر احمد کو وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کا سیاسی مشیر تعینات کیا گیا ہے۔
6 اگست کو پنجاب کابینہ میں شامل 21 وزیروں نے حلف اٹھایا تھا، اس کابینہ میں 4 معاون خصوصی اور 3 مشیر بھی شامل کئے گئے تھے۔ تاہم ان میں ق لیگ کا ایک بھی وزیر شامل نہیں کیا گیا۔ جب کہ عثمان بزدار دور کے 16 وزرا کو بھی نظر انداز کردیا گیا۔
پرویز الٰہی کی کابینہ میں تجربہ کار اور بڑے نام آؤٹ کردیئے گئے اور 7 نئے چہروں کو شامل کیا گیا۔
حلف اٹھانے والوں میں میاں اسلم اقبال، علی عباس شاہ، سردار محسن لغاری، محمد بشارت راجہ، میاں محمودالرشید، راجہ یاسر ہمایوں، عنصر مجید نیازی، منیب سلطان چیمہ، سردار شہاب الدین، ڈاکٹر مراد راس، ڈاکٹر یاسمین راشد، خرم شہزاد ورک، ہاشم ڈوگر، آصف نکئی، علی افضل ساہی، نواب زادہ منصور علی خان، حسین جہانیاں گردیزی، غضفر عباس چھینہ، لطیف نذر، سردار حسنین بہادر دریشک اور تیمور ملک شامل تھے۔