چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے دوماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کو دینے کا اعلان کیا ہے۔
ملک میں ہونے والی حالیہ مون سون بارشوں اور سیلابی ریلوں نے ملک کے متعدد اضلاع میں تباہی مچارکھی ہے، لاکھوں افراد بے گھر اور بے سرو سامان کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
دوسری جانب جہاں مخیر حضرات سیلاب متاثرین کی امداد کرتے نظر آرہے ہیں، وہیں سرکاری ملازمین کے علاوہ ملکی اداروں کے سربراہان اور ارکان بھی سیلاب متاثرین کے تعاون میں پیش پیش ہیں۔
گزشتہ روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل آفیسرز کی طرح دیگر فوجی افسران نے بھی رضاکارانہ بنیاد پرمالی عطیات دینے کا اعلان کیا تھا، اور کہا تھا کہ عوام سے عطیات جمع کرنے کیلئے تمام بڑے شہروں میں عطیہ مراکز قائم کیے جائیں گے۔
وفاقی کابینہ کے ارکان نے بھی ایک ماہ کی تنخواہ سیلاب زدگان کیلئےعطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت کابینہ ارکان کی تنخواہیں وزیراعظم فلڈریلیف فنڈمیں جمع کرائی جائیں گی۔
دوسری جانب آج چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے بھی اپنی دو ماہ کی تنخواہیں سیلاب متاثرین کو عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ کے مطابق تمام سینیٹرز اپنی ایک ماہ کی تنخواہ متاثرین کے ریلیف اور بحالی کیلئےدیں گے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے عوام سے درخواست کرتے ہوئے بتایا کہ گریڈ 16 سے 22 تک کے ملازمین بھی 3 دن کی تنخواہ دیں گے، قوم بالخصوص مخیرحضرات ریلیف اوربحالی کیلئےآگےبڑھیں، اور نماز جمعہ کے بعد خصوصی دعاؤں کی اپیل ہے۔