سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کا کہنا ہے کہ برطانوی ایئر لائن برٹش ایئر ویز 15 روز کیلئے پاکستان سے فلائٹ آپریشن معطل کر رہی ہے۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے مطابق برٹش ایئر ویز نے اسلام آباد سے فلائٹ آپریشن معطل کرنے کا اعلان کیا ہے، فضائی آپریشن 16 جون سے آپریشنل بنیادوں پر معطل کیا جا رہا ہے، جو 30 جون تک معطل رہے گا۔
Pakistan Civil Aviation Authority clarifies that news circulating in media regarding suspension of British Airways flights due to non availability of fuel at Islamabad International Airport is incorrect. pic.twitter.com/te3vyKslml
— PCAAOfficial (@official_pcaa) June 6, 2022
ترجمان سی اے اے کا یہ بھی کہنا ہے کہ آپریشن بندش کا معاملہ ایندھن کی فراہمی سے تعلق نہیں رکھتا ہے۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایندھن سپلائی کی کوئی کمی نہیں ہے۔
ترجمان نے واضح کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر فیول ٹینکس بھرے ہوئے ہیں۔ امید ہے کہ برٹش ایئرویز کی جانب سے آپریشن معطل کرنے سے متعلق جلد مؤقف سے آگاہ کیا جائے گا۔
اس سلسلے میں برٹش ایئر ویز کا مقامی عملہ اسلام آباد ایئرپورٹ مینجر سے مسلسل رابطے میں ہے۔ تاہم یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ مذکورہ فلائٹ لندن اسلام آباد کے درمیان فلائٹ آپریشن 15 جون تک معمول کے مطابق جاری رہے گا۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ رات سے ہی سوشل میڈیا پر برٹش ایئرویز کی پاکستان کیلئے فلائٹ آپریشن کی بندش کی خبریں گردش کر رہی تھیں، جس میں صارفین کا کہنا تھا کہ برطانوی ایئر لائن کا یہ فیصلہ ایندھن کی کمی کے باعث کیا گیا ہے۔ تاہم سول ایوی ایشن ترجمان نے ان تمام تر خبروں کی تردید کی ہے۔
کچھ ایوی ایشن ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ برٹش ایئر ویز کی جانب سے یہ اقدام بڑی تعداد میں کمپنی ملازمین کو فارغ کرنے کے بعد اٹھایا گیا ہے، تاہم کسی آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
برٹش ایئرویز نے جون 2019 میں طویل عرصے بعد پاکستان کے لیے فضائی آپریشن کا آغاز کیا تھا جو کہ کرونا وائرس کے باعث بند کر دیا گیا تھا۔
مجھے یہ اعلان کرتے ہوئےبہت خوشی ہو رہی ہے کہ برٹش ائیر ویز پاکستان میں دوبارہ پروازوں کا آغاز کر رہی ہے۔ اسلام آباد اور لندن کے درمیان براہ راست پروازیں اگلے سال جون سے شروع ہو جائیں گی۔ اس اقدام سے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ @British_Airways @ukinpakistan pic.twitter.com/V68XZyNeqM
— Thomas Drew (@TomDrewUK) December 18, 2018
اس سے قبل برٹش ایئرویز نے 11 سال بعد پاکستان کیلئے اپنی سروس کا دوبارہ آغاز کیا تھا، جس کو پاکستان کی حکومت کی جانب سے بڑی پیش رفت اور کامیابی قرار دیا گیا تھا۔
The dividends of decades long struggle of Pakistani nation and its security forces for restoration of peace and stability in the country are on the way. Thanks to @British_Airways for reviving its flight operations in Pakistan.@TomDrewUK#PeacefulPakistan#ہمیں_آگے_ہی_جانا_ہے
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) December 18, 2018
آپریشن بحال ہونے پر اسلام آباد میں برٹش ایئرویز کے نمائندے رابرٹ ولیم نے نیوز کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ پاکستان میں سیکیورٹی صورت حال بہتر ہونے پر کمپنی نے فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گیارہ سال بعد پاکستان کیلئے فلائٹ آپریشن بحال ہونے پر برٹش ایئرویز نے اسلام آباد سے ہیتھرو کیلئے ہفتے میں تین فلائٹس چلانے کا اعلان کیا تھا۔
برٹش ایئرویز نے کہا تھا کہ فلائٹس کیلئے جدید ترین طیارے بوئنگ 787 ڈریم لائنر استعمال کیا جائے گا۔ اس سے قبل سال 2008 میں اسلام آباد میں میریٹ دھماکے کے بعد برٹش ایئرویز نے پاکستان کے لیے اپنی فضائی سروس معطل کر دی تھی۔
صرف برٹش ایئر ویز ہی نہیں اُس وقت سنگاپور، ملائشیا، لفتھینسا، اور کیتھی پیسفک کی جانب سے بھی پاکستان کی مخدوش سیکیورٹی صورت حال پر فلائٹ آپریشن بند کرنے کا اعلان سامنے آیا تھا۔
برٹش ایئر ویز کے اس اعلان کے بعد بعض ماہرین نے خدشے کا اظہار کیا تھا کہ برٹش ایئر ویز کی براہ راست پروازوں کا نقصان قومی ایئر لائن پی آئی اے کو ہو سکتا ہے۔
پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے برطانیہ کے لیے ہفتے میں لگ بھگ 22 پروازیں آپریٹ کرتی تھی۔ اس منافع بخش روٹ پر 11 سال بعد پی آئی اے کی اجارہ داری ختم ہوگئی تھی۔