بلقیس ایدھی کی نماز جنازہ اور تدفین کہاں ہوگی؟ اعلان سامنے آگیا

معروف سماجی کارکن بلقیس ایدھی کی نماز جنازہ اور تدفین کا اعلان سامنے آگیا۔

بلقیس ایدھی اور عبدالستار ایدھی کے صاحبزادے فیصل ایدھی نے کہا ہے کہ والدہ کی میت کو نجی اسپتال سے میٹھادر رہائشگاہ پر منتقل کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلقیس ایدھی کی نماز جنازہ کل بعد نماز ظہر نیو میمن مسجد کھارادر میں ادا کی جائے گی۔

فیصل ایدھی نے مزید کہا کہ والدہ کی تدفین اُن کی وصیت کے مطابق میوہ شاہ قبرستان میں کی جائے گی۔

بلقیس ایدھی 74 سال کی عمر میں کراچی کے نجی اسپتال میں دوران علاج چل بسیں، جہاں وہ ایک ماہ سے زیر علاج تھیں۔

ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق بلقیس ایدھی عارضہ قلب سمیت دیگر امراض میں مبتلا تھیں۔

رمضان سے 2 دن پہلے انہیں دل کا دورہ بھی پڑا تھا، اس کے بعد سے وہ اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔

انہوں نے ساری زندگی اپنے عظیم شوہر عبدالستار الستار ایدھی کے ساتھ دُکھی انسانیت کی خدمت میں گزاری۔

پاکستان کے سب سے بڑی سماجی تنظیم کے سربراہ عبدالستار ایدھی کے انتقال کے بعد بلقیس ایدھی فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن بنی تھیں۔

وہ 14 اگست 1947 کو بھارتی ریاست گجرات کے شہر بانٹوا میں پیداہوئیں اور پھر فیملی کے ساتھ ہجرت کرکے کراچی آبسیں۔

عبدالستار ایدھی سے اُن کی شادی 1966 میں ہوئی اور 50 سالہ رفاقت 2016ء میں ایدھی کے انتقال تک جاری رہی۔

حکومت پاکستان نے انہیں شاندار سماجی خدمات پر ہلال امتیاز کےا عزاز سے نوازا ، انہیں روسی حکومت کی طرف سے لینن پیس پرائز بھی ملا ۔

انہوں نے سوگواروں میں فیصل ایدھی، کبریٰ ایدھی، کتب ایدھی اور الماس ایدھی کو چھوڑا ہے۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بلقیس ایدھی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی مغفرت کی دعا کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں