عمران خان کے جمہوری اقدام کو سرپرائز نہیں کہہ سکتے، وہ آئین شکنی ہے، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کے غیر آئینی یا غیر جمہوری اقدام کو سرپرائز نہیں کہہ سکتے، وہ آئین شکنی ہے اور آئین شکنی غداری کے مترادف ہے اور انہوں نے گزشتہ دن جو کیا وہ اپنی انا بچانے کیلئے کیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں بلاول کا کہنا تھاکہ اپوزیشن سمیت کسی رکن پارلیمنٹ نے وہ سازشی مراسلہ نہیں دیکھا، مراسلے پر نہ کسی سفارتکار کو وزیراعظم ہاؤس یا دفتر خارجہ طلب کیا گیا نہ اس سے متعلق وزیر خارجہ نے امریکی حکومت سے کوئی شکایت کی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اکثریت کھونے کا احساس ہوا تو انہوں نے بین الاقوامی سازش کا کہہ کر چلانا شروع کردیا۔

بلاول کا کہنا تھاکہ عمران خان کے غیر آئینی اقدام کو سرپرائز نہیں کہہ سکتے، یہ غداری ہے اور انہوں نے گزشتہ دن جو کیا وہ اپنی انا بچانے کیلئے کیا۔

خیال رہے کہ 27 مارچ کو اسلام آباد میں جلسہ عام سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے خط لہرایا تھا اور کہا تھاکہ ملک میں باہر سے پیسے کی مدد سے حکومت تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہمیں لکھ کر دھمکی دی گئی، میرے پاس خط ہے اور وہ ثبوت ہے۔

قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر نے مبینہ سازش کو جواز بنا کر حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد مستردکردی تھی جس کے بعد سپریم کورٹ نے معاملے پر ازخود نوٹس لیا تھا اور اس پر عدالت میں سماعت جاری ہے۔

دوسری جانب امریکا کی جانب سے پاکستان میں حکومت الٹنےکی سازش میں ملوث ہونےکے الزام کی تردید کی جاچکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں