کوئٹہ : پی ڈی ایم اے نے بلوچستان میں مون سون بارشوں سےہونےوالی تباہی سے متعلق رپورٹ جاری کردی ، جس کے مطابق حالیہ بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں45افرادجاں بحق ہوئے۔
بلوچستان کے محکمہ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے میں مون سون بارشوں سے ہونے والے اب تک کے نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کردی۔
پی ڈی ایم اے رپورٹ کےمطابق صوبے میں مون سون کی حالیہ بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں اب تک 45 افراد جاں بحق ہوئے ، جاں بحق ہونے والوں میں 18 خواتین، 11 مرد اور 16 بچے شامل ہیں، اس کے علاوہ بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 47 افراد زخمی بھی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں کے باعث اموات بولان، کوئٹہ، ژوب، دکی، خصدار، کوہلو میں ہوئی، اس کے علاوہ کیچ، مستونگ، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ اور سبی میں بھی اموات ہوئی۔
پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر صوبے بھر میں 241 مکانات منہدم ہوئے۔