قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو پاکستان کے لیے نمایاں کاکردگی دکھانے پر پاکستان کے اعلیٰ سول اعزاز سے نوازا جائے گا۔
بابر اعظم کو 23 مارچ بروز جمعرات کو یوم پاکستان کی تقریب کے موقع پر ستارہ امتیاز دیا جائے گا، 28 سالہ بابر یہ اعزاز حاصل کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی ہوں گے۔
قومی ٹیم کے کپتان 23 مارچ کو ہونے والی تقریب کا حصہ ہوں گے۔
حکومت پاکستان نے گزشتہ برس 14 اگست کو اعلان کیا تھا کہ بابر کو ستارہ امتیاز دیا جائے گا اور اب تقریب کی تاریخ کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمد ستارہ امتیاز حاصل کرنے والے سب سے کم عمر پاکستانی کرکٹر تھے۔
اس سے قبل پاکستان کے چار سابق کپتانوں کو یہ ایوارڈ مل چکا ہے جن میں مصباح الحق، یونس خان، شاہد آفریدی اور سرفراز احمد شامل ہیں۔
اس کے علاوہ کھیلوں میں شاندار کامیابی پر محمد یوسف، سعید اجمل، جاوید میانداد اور انضمام الحق کو بھی ستارہ امتیاز مل چکا ہے۔
واضح رہے کہ بابر اعظم افغانستان کے خلاف 24 مارچ سے شروع ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں قومی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے، ان کی جگہ ٹیم کی قیادت کے فرائض آل راؤنڈر شاداب خان سنبھالیں گے۔