پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ مجھے امید ہے کہ آج ہماری اسمبلیاں بحال ہوں گی، ملک کا آئین 5 منٹ میں توڑ دیا گیا ، اتوار سے آج تک سارا ملک معطل ہے، ہمیں آج انصاف چاہیے، پاکستان اور آئین کو انصاف چاہیے۔
سپریم کورٹ کے باہرفیصل کریم کنڈی کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیری رحمٰن نے کہا کہ پوری سابق حکومت کو ای سی ایل میں ڈالا جائے،پورا ملک اور عالمی دنیا عدالتوں کی طرف دیکھ رہی ہے ۔
شیری رحمٰن نے کہا کہ اپوزیشن کے سارےارکان غدار ہیں؟ کون سرٹیفکیٹ دے رہاہے؟تحریک انصاف نے بہت پہلے انصاف اور سچ کا دامن چھوڑ دیا تھا، ہم کنٹینر کی سیاست نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ یہ طویل مقدمہ ہے جو آج اختتام پذیر ہوگا ،امید ہے نظریۂ ضرورت کو دفن کر دیا جائے گا، ہمیں الیکشن ریفارمز چاہیے۔
پی پی رہنما کاکہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں بھی عجیب و غریب کھلواڑ ہوا ہے، پنجاب اسمبلی میں خار دار تاریں لگا دی گئی ہیں اور ارکان کو جانے نہیں دیاگیا۔