عسکری قیادت نے متاثرین سیلاب کی تکالیف کم کرنے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں 250 ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس کی سربراہی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کی۔
اجلاس کے دوران عسکری قیادت کو ملک میں سیلاب کی صورتحال اور آرمی فارمیشنز کی جانب سے جاری امدادی کارروائیوں اور بیرونی و داخلی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے فارمیشنز کو آپریشنل تیاریاں مستحکم اور خیبر پختونخوا، بلوچستان میں انسداد دہشتگردی کوششیں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے سیلابی صورتحال اور فوج کی طرف سے جاری ریلیف اور بچاؤ کے کاموں کا جائزہ لیا۔
فورم نے غیرمعمولی بارشوں اور سیلاب سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور بنیادی ڈھانچے کو ہونے والے وسیع نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کی تکالیف کو کم کرنے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھنے کا عزم کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جاری امدادی کوششوں کو سراہا اور سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت کی۔
آرمی چیف نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ہر متاثرہ فرد تک پہنچا جائے گا۔