اسلام آباد: وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ امریکی صدر فضل الرحمان کا لیڈر ہو سکتا ہے لیکن ہمارا نہیں ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں نوجوانوں کا کردار اہم ہے اور ملک کے نوجوان عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کا قافلہ مضبوط ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا ہر فیصلہ قوم کے لیے ہے۔ پیسوں سے اراکین اسمبلی کو خریدا جا رہا ہے لیکن پوری دنیا دیکھے گی کہ پاکستان عمران خان کے ساتھ ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ ضمیر بیچنے والے ملک کے لیے کچھ نہیں کر سکتے۔ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ فضل الرحمان کہتے ہیں کہ امریکی صدر جو بائیڈن دنیا کا لیڈر ہے لیکن فضل الرحمان جو بائیڈن آپ کا لیڈر ہوسکتا ہے ہمارا لیڈر نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا کے خلاف بات کی اور عمران خان نے قوم کا ضمیر جگا دیا ہے اب یہ قوم جاگ گئی ہے۔ زندگی گزاریں گے تو عزت کے ساتھ گزاریں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک شخص بہت گھبرایا نظر آ رہا ہے لیکن شہباز شریف یہ آپ نے گزشتہ روز کیا کہا ؟ ضمیر بیچنے والے ملک کی ترقی کے لیے کچھ نہیں کر سکتے۔