لاہور میں علامہ اقبال کے مزار پر 82 ویں یوم پاکستان کے موقع میں گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے مزار کے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
مزار اقبال پر گارڈز تبدیلی تقریب کے مہمان خصوصی ایئروائس مارشل زبیرحسن خان تھے، گارڈز نے مہمان خصوصی کو سلامی دی اور گارڈ آف آنر پیش کیا۔ 82 واں یومِ پاکستان ملک بھر میں ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔
آج دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، اس موقع پر پاک فوج کے جوانوں نے اللہ اکبر کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ مساجد میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد پاکستان کی بقا اور سلامتی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔
واضح رہے کہ23 مارچ 1940ء کو لاہور کے منٹو پارک (اقبال پارک) میں قرارداد پاکستان منظور ہوئی تھی جس میں برصغیر کے مسلمانوں نے ایک علیحدہ وطن بنانے کا عہد کیا تھا۔ یہ وہ پودا ہے جس کا بیج سرسید احمد خان نے بویا، علامہ اقبال نے اس کا خواب دیکھا اور قائداعظم محمد علی جناح نے اسے پاکستان کے نام سے تعبیر دی۔