علیم خان کی لندن میں نوازشریف سے ملاقات نہیں ہوئی، ترجمان علیم خان کا دعویٰ

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ علیم خان کی لندن میں نوازشریف سے ملاقات نہیں ہوئی۔

ترجمان میاں خالد محمود کا کہنا تھاکہ علیم خان کی لندن میں نوازشریف یا جہانگیر ترین سے ملاقات نہیں ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ علیم خان آج لندن سے پاکستان واپس آئیں گے، علیم خان لندن بچوں سے ملنے گئے تھے۔

ترجمان کا کہنا تھاکہ علیم خان واپس آکر اپنی سیاسی حکمت عملی سامنے لائیں گے۔

خیال رہے کہ قبل ازیں خبر سامنے آئی تھی کہ پاکستان تحریک انصاف ترین گروپ کے رہنما اور سابق وزیر علیم خان نے سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی ہے۔

ذرائع کے مطابق علیم خان اور نوازشریف کی ملاقات لندن میں ہوئی جس میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور نواز شریف کے بیٹے بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں