پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ میں مبینہ کپاس چور پر کھیت مالکان نے تشدد کیا، اس کے سر کے بال اور مونچھیں مونڈ دیں۔
مظفر گڑھ میں مبینہ طور پر 5 کلو کپاس چوری کرنے پر نوجوان کو کھیت مالکان نے پکڑ لیا اور تشدد کا نشانہ بنایا، ملزمان تشدد کی ویڈیو بھی بناتے رہے۔
واقعہ تحصیل جتوئی کے علاقے ڈمر والا شمالی میں پیش آیا جس میں محمد حسین نامی شخص نے کھیت سے مبینہ طور پر 5 کلو کپاس چوری کی تھی۔
کپاس چوری کرنے پر کھیت مالکان غلام صدیق، عبدالمجید اور شکیل نے محمد حسین کو پکڑ کر باندھ دیا اور اس کے سر کے بال، بھنویں اور مونچھیں مونڈ دیں، ملزمان تشدد کی ویڈیو بھی بناتے رہے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے اور واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔